تاثیر 10 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جھانسی، 10 جولائی:جمعرات کی صبح، اینٹی کرپشن ٹیم نے ضلع کے مورانی پور تھانے میں تعینات ایک سب انسپکٹر کو 15000 روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ سب انسپکٹر نے مارپیٹ کے ایک معاملے میں دفعہ بڑھانے کے عوض رشوت مانگی تھی۔ اینٹی کرپشن ٹیم سب انسپکٹر سے پوچھ گچھ کر کے کارروائی کر رہی ہے۔
حال ہی میں مورانی پور تھانہ علاقہ کے میلونی گاؤں میں دو فریقوں کے درمیان لڑائی ہوئی تھی۔ اس لڑائی میں اکھلیش کے والد شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس نے دونوں فریقین کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا۔ انسپکٹر ونیت کمار معاملے کی جانچ کر رہے تھے۔ الزام ہے کہ اس معاملے میں والد کے شدید زخمی ہونے کے باوجود انسپکٹر معاملے میں دفعہ بڑھانے کے بدلے اکھلیش سے 15 ہزار روپے مانگ رہا تھا۔ جس پر متاثرہ نے اینٹی کرپشن کو شکایت کی۔
انسپکٹر ونیت نے رقم لے کر اکھلیش کو آج صبح امبیڈکر چوک بلایا۔ اینٹی کرپشن ٹیم شکایت کنندہ کے ساتھ وہاں پہنچ گئی۔ جیسے ہی انسپکٹر نے اکھلیش سے مانگی رشوت لی، پاس موجود ٹیم نے اسے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ خبر لکھے جانے تک ٹیم رشوت کی رقم کے ساتھ پکڑے گئے انسپکٹر کے ساتھ جھانسی روانہ ہو چکی تھی۔

