تاثیر 19 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس ضلع کاراکاٹ تھانہ علاقہ کے تحت زوراور پور گاؤں کے قریب آج صبح ایک گاڑی کے حادثے کے بعد اس وقت ہلچل مچ گئی جب اسمیں سے بھاری مقدار میں شراب برآمد ہوئی ۔ خاص بات تو یہ ہے کہ مذکورہ گاڑی پر جن سورج پارٹی کا پوسٹر چسپاں ہے، جسکی وجہ سے کئی سوالات بھی اٹھنے لگے ہیں ۔ پولس نے گاڑی کے ساتھ شراب بھی اپنے قبضہ میں لیکر تفتیش شروع کر دی ہے ۔ آس پاس کے لوگوں نے بتایا کہ جن سورج پارٹی کے پوسٹروں والی بولیرو گاڑی اور ٹرک کے درمیان زبردست تصادم ہوا جسکے بعد دونوں گاڑیوں کے ڈرائیور بھی وہاں سے فرار ہوگئے، تصادم کی آواز سن کر وہاں پہنچنے والے لوگوں نے گاڑی کو دیکھا تو اس میں شراب پائی گئی ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کاراکاٹ تھانہ کی پولیس بھی وہاں پہنچی اور مذکورہ بولیرو سے بڑی مقدار میں شراب برآمد کیا، پولس نے بولیرو اور ٹرک کو قبضے میں لیکر اسکی تفتیش بھی شروع کر دی ہے ۔ پولس یہ بھی جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ مذکورہ شراب کسی سیاسی کارکن کی ہے یا کسی اسمگلر نے اپنی شناخت چھپانے کے لئے مذکورہ گاڑی پر سیاسی جماعت کا پوسٹر چسپاں کیا ہے ۔ فی الحال پولس نے گاڑی کے مالک کی شناخت شروع کر دی ہے اور ایف آئی آر درج کرنے کے بعد معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے ۔ کاراکاٹ تھانہ کی پولس نے یہ بھی کہا کہ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے اور مجرموں کی نشاندہی کر سخت کارروائی کی منشا میں ہے ۔

