تاثیر 16 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ،16جولائی:بہار میں اسمبلی انتخابات سے پہلے ووٹر فہرست کی گہری نظر ثانی(اسپیشل انٹینسیو ریویڑن، ایس ا?ئی آر) کو لے کر اپوزیشن نے الیکشن کمیشن اور حکمراں بی جے پی کے خلاف نیا محاذ کھول دیا ہے۔ راشٹریہ جنتا دل کے رہنما اور قائدِ حزب اختلاف تیجسوی یادو نے بدھ کے روز دعویٰ کیا کہ بی جے پی ان اسمبلی حلقوں میں ووٹروں کے نام کاٹنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے جہاں پچھلے انتخابات میں معمولی فرق سے ہار یا جیت ہوئی تھی۔
تیجسوی یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر لکھا، ’’بہار میں اس وقت تقریباً 7 کروڑ 90 لاکھ ووٹر رجسٹرڈ ہیں۔ اگر بی جے پی کی ہدایت پر محض ایک فیصد ووٹروں کے نام بھی ہٹائے گئے، تو تقریباً 7 لاکھ 90 ہزار ووٹر فہرست سے غائب ہو جائیں گے۔ ہم نے تو صرف ایک فیصد کا اندازہ لگایا ہے، جبکہ ان کا مقصد اس سے کہیں زیادہ یعنی چار سے پانچ فیصد ووٹوں کو نکالنے کا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا، ’’اگر ان 7 لاکھ 90 ہزار ووٹروں کو ریاست کی 243 اسمبلی نشستوں میں تقسیم کریں تو ہر حلقے سے تقریباً 3250 ووٹ کاٹے جا سکتے ہیں۔ ریاست میں 77,895 پولنگ اسٹیشن ہیں اور ہر اسمبلی حلقے میں اوسطاً 320 بوتھ ہیں۔ اب اگر ایک بوتھ سے صرف 10 ووٹ بھی غائب کیے جائیں تو پوری سیٹ پر 3200 ووٹ کم کیے جا سکتے ہیں۔‘‘

