تاثیر 15 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جنوبی 24 پرگنہ، 15 جولائی: بنگلہ دیش کوسٹ گارڈ نے 34 ہندوستانی ماہی گیروں کو خلیج بنگال میں ماہی گیری کے دوران غلطی سے بنگلہ دیشی حدود میں داخل ہونے پر حراست میں لے لیا ہے۔ ایک ٹرالر پر سوار 34 ہندوستانی ماہی گیروں کو بنگلہ دیش کوسٹ گارڈ نے اتوار کی رات تقریباً 2 بجے حراست میں لے لیا۔ یہ واقعہ مونگلا بندرگاہ سے 77 ناٹیکل میل دور سمندر میں پیش آیا۔
ماہی گیروں کی تنظیموں سے ملی معلومات کے مطابق یہ تمام ماہی گیر مغربی بنگال کے جنوبی 24 پرگنہ ضلع کے سندربن علاقے کے رہنے والے ہیں۔ روزی روٹی کی تلاش میں سمندر میں جانے والے یہ ماہی گیر اندھیرے اور خراب موسم کی وجہ سے راستہ بھول گئے اور غلطی سے بنگلہ دیش کی سمندری سرحد میں داخل ہوگئے۔
بنگلہ دیشی کوسٹ گارڈ نے ماہی گیروں کے دونوں ٹرالر اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا۔ فی الحال دونوں ٹرالروں کو تھانہ مونگلا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ماہی گیروں کی تنظیم کے اہلکار بھارتی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ ان ماہی گیروں کو جلد از جلد رہا کیا جا سکے۔

