مہاراشٹر کابینہ میں بڑی تبدیلی، راوت کا سنسنی خیز انکشاف

تاثیر 25 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 25 جولائی :شیوسینا (یو بی ٹی) کے سینئر رہنما اور رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے دیویندر فڑنویس حکومت کے چار وزراء کی برطرفی کا دعویٰ کرتے ہوئے مہاراشٹر کی سیاست میں ہلچل پیدا کر دی ہے۔ صحافیوں سے گفتگو میں راوت نے کہا کہ فڑنویس کا دہلی دورہ محض کسی پروگرام میں شرکت کے لیے نہیں بلکہ ان کی کابینہ میں پیدا شدہ بے چینی اور داخلی خلفشار کا نتیجہ ہے، جو اب ان کے قابو سے باہر ہو چکا ہے۔
راوت نے کہا کہ وہ پچھلے کچھ دنوں سے اس بات کی نشاندہی کر رہے تھے کہ سنجے شرسات، مانیکراؤ کوکاٹے، یوگیش کدم اور سنجے راٹھوڈ جیسے وزراء￿ کو وزارت سے ہٹایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہلی میں نئے وزارتی چہروں کی شمولیت کے لیے پوری کابینہ میں رد و بدل کی گفتگو جاری ہے۔
راوت نے حکومت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ وزراء کی بدعنوان سرگرمیوں، کسان مخالف بیانات، لیڈیز بارز میں ان کی شمولیت، نقد رقم سے بھرے تھیلوں میں نظر آنا اور مسلسل گھوٹالے حکومت کی ساکھ کو داغدار کر چکے ہیں، اور فڑنویس ان کا بوجھ برداشت کرنے کی حالت میں نہیں رہے۔