جے ڈی یو کے بعد بی جے پی نے بھی اپنے دفتر میں لگایا پوسٹر’’ ہم ساتھ۔ ساتھ ہیں ‘‘

تاثیر 3 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ،03جولائی:بہار کی سیاست میں اتحاد کی طاقت اب پوسٹروں کے ذریعے نظر آرہی ہے۔ جے ڈی یو اور بی جے پی کے درمیان اتحاد کا ایک نیا پیغام اس وقت سامنے آیا جب وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی مشترکہ تصویر پہلی بار جے ڈی یو کے دفتر میں لگائی گئی۔ اب اس راستے پر ا?گے بڑھتے ہوئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو بی جے پی کے ریاستی دفتر میں بھی جگہ دی گئی ہے۔ بی جے پی نے اپوزیشن کے سوالوں پر طنز کا جواب دینے کے لیے یہ سیاسی ماسٹر اسٹروک کھیلا ہے۔
بی جے پی کے دفتر میں لگائے گئے نئے بینرمیں لکھا ہے ’’سوچھ دمدار، کام اثردار، پھر ایک بار این ڈی اے سرکار‘‘۔ ان پوسٹروں میں وزیر اعظم مودی کے ساتھ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی تصویر واضح طور پر اتحاد کی مضبوطی کو ظاہر کرتی ہے۔ اس پورے واقعہ نے بہار میں این ڈی اے کے اندر ایک بار پھر مساوات اور سیاسی حکمت عملی کو زیر بحث لایا ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ یہ قدم این ڈی اے کی اتحادی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے اور ووٹروں کو ایک مثبت پیغام دینے کی کوشش ہے۔ پوسٹر یہ بتانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ بی جے پی اور جے ڈی یو ایک بار پھر ایک ساتھ بہار میں اقتدار میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔