نیوٹاؤن بس اسٹینڈ پر خون کے دھبوں سے سنسنی ، پولیس مصروف تفتیش

تاثیر 7 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کولکاتہ، 07 جولائی:پیر کی صبح اس علاقے میں ہلچل مچ گئی جب کولکاتہ کے نیو ٹاؤن میں گیتانجلی بس اسٹینڈ پر کئی مقامات پر خون کے دھبے ملے۔ یہ علاقہ عام طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مرکز کے طور پر جانا جاتا ہے، جہاں بڑی تعداد میں دفتری کارکنان اور مقامی لوگ آتے جاتے ہیں۔ یہ غیر معمولی منظر دیکھ کر لوگ خوفزدہ ہوگئے اور موقع پر لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی۔
مقامی لوگوں اور دفتر جانے والے مسافروں نے بس اسٹینڈ کے فرش پر پھیلے خون کے گھنے دھبے دیکھے تو ان کے ذہنوں میں سوالات اٹھنے لگے کہ کیا یہاں کوئی مجرمانہ واقعہ ہوا ہے؟ کیا کسی کا قتل ہوا؟ کیا رات کی تاریکی میں کوئی شدید زخمی ہوا؟
اطلاع ملتے ہی تھانہ ٹیکناسٹی کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ جائے وقوعہ سے خون کے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں جنہیں تحقیقات کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ خون انسان کا ہے یا جانور کا۔ علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، تاکہ واقعے کی حقیقت سامنے آسکے۔