تاثیر 29 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
شملہ، 29 جولائی: ہماچل پردیش میں مانسون نے ایک بار پھر تباہی مچا ئی ہے۔ منڈی ضلع میں پیر کی رات سے ہونے والی موسلادھار بارش کے درمیان بھاری سیلاب اور ملبے کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے۔ منڈی شہر کے علاقے جیل روڈ اوراسپتال روڈ میں بادل پھٹنے سے نہروں میں اچانک طغیانی آنے سے سیلابی پانی اور ملبہ گھروں میں داخل ہو گیا۔ اس واقعے میں دو افراد ہلاک اور ایک لاپتہ ہے جبکہ ایک زخمی ہے۔ پولیس اور انتظامیہ نے بروقت بہت سے لوگوں کو بحفاظت باہر نکالا۔ منڈی کے ڈپٹی کمشنر اپورو دیوگن نے دو لوگوں کی موت اور ایک لاپتہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف اور پولیس اہلکار راحت اور بچاو کاموں میں مصروف ہیں۔
منڈی کے جیل روڈ وارڈ کے سابق کونسلر کرشنا کے بیٹے اور پوتے کی ملبے تلے دب کرموت ہو گئی۔ ان کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ بہو لاپتہ ہے، اور ایک شخص کی ٹانگ ٹوٹ گئی ہے۔ اس کے علاوہ ملبہ کئی گھروں میں داخل ہونے سے تقریباً پندرہ افراد کو ملبے سے بچا لیا گیا۔ ایک گھر میں بڑی مقدار میں ملبہ داخل ہونے سے دو افراد ایک کمرے میں پھنس گئے جنہیں لوگوں نے کمرے کی کھڑکی توڑ کر بحفاظت نکال لیا۔

