تاثیر 3 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 3 جولائی: وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بدھ کے روز پٹنہ کےآس پاس گنگا ندی کی بڑھتی ہوئی پانی کی سطح کا بذریعہ سڑک جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ اٹل پتھ سے ہوتے ہوئے جے پی گنگا پتھ پہنچے اور گائے گھاٹ تک گنگاندی کے بڑھتے ہوئے پانی کی سطح کا معائنہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے جے پی گنگا پتھ پر ہو رہے شجر کاری اور بیوٹیفیکیشن کے کام کا بھی معائنہ کیا اور کام کو بہتر طریقے سے مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے دیگھا گھاٹ پر رک کر دیگھا سے سون پور تک جے پی سیتو کے متوازی تعمیر کیے جانے والے 6 لین والے نئے پل کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس پل کے تعمیراتی کام کے تعلق سے عہدیداروں سے تفصیلی جانکاری لی۔اس دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس پل کی تعمیر سے پٹنہ سے سارن ڈویزن جانے والے لوگوں کو آسانی ہو گی۔ یہ پل شمالی بہار اور جنوبی بہار کے درمیان نقل و حرکت کو آسان بنانے میں بہت کارا?مد ثابت ہوگا۔ اس کے علاوہ مہاتما گاندھی سیتواور جے پی سیتو پر گاڑیوں کا دباو بھی کم ہوگا۔