تاثیر 18 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ارریہ: (مشتاق احمد صدیقی) اسٹوڈنٹ اسلامک آرگنائزیشن رجوکھر ارریہ ارریہ نے رجوکھر پبلک اسکول میں تقسیم انعامات کے ساتھ ساتھ موٹیویشنل کانفرنس اور اسلامی کوئز مقابلے کا انعقاد کیا۔ یہ تقریب نہ صرف مقابلے کا اختتام تھا بلکہ تعلیم، اخلاق اور امید کی روشنی سے مزین ایک یادگار شام بھی تھی۔ پروگرام کا آغاز نثار احمد کی تلاوت قرآن سے ہوا، جس کے بعد بھائی معاذ (یونٹ سیکرٹری) نے شاندار انداز میں ترانہ پیش کر کے سب کے دل کو جیت لیا۔ ایس آئی او راجوکھر یونٹ کے صدر محمد کلیم عالم نے نظامت کے فرائض کو بحسن وخوبی انجام دیا۔ پروگرام میں طلباء، والدین، اساتذہ اور سماجی کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کیں۔ صدام حسین (سابق ZAC ممبر اور زونل سکریٹری SIO بہار) جو مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے، نے کہا: “اسلامی تعلیم نہ صرف اسلام کے بارے میں معلومات فراہم کرتی ہے، بلکہ انسان کو بہتر بننے کی طرف رہنمائی بھی کرتی ہے اور اسے انتہائی مشکل حالات میں بھی ہمت نہ ہارنے اور اپنے مقصد کی طرف بڑھتے رہنے کی ترغیب دیتی ہے۔ ان کے خیالات نے نہ صرف بچوں کو بلکہ وہاں موجود تمام لوگوں کو متاثر کیا۔ جماعت اسلامی ہند کے کارکن وسیم اکرم فلاحی نے اسلامی نظریہ، انسانی اقدار اور تعلیم اور کیریئر کے حوالے سے وسیع نقطہ نظر اپنانے کا مشورہ دیا۔ جماعت اسلامی ہند رجوکھر یونٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے تحسین عالم نے طلباء کو امت اسلامیہ کی حقیقت، اس کی تاریخ اور مستقبل میں ہماری ذمہ داریوں سے روشناس کرایا۔ اسٹیج پر موجود تمام لوگوں نے مل کر بچوں کو مبارکباد پیش کی اور اس دور میں اسلامی اور اخلاقی تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اسلامی کوئز مقابلے کا انعقاد 22 جون کو M.S. میموریل سکول رجوکھر جس میں ہوا تھا، جس میں 60 سے زائد طلباء نے شرکت کی تھی۔ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں کو خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔

