تاثیر 10 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بنگلورو، 10 جولائی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعرات کی صبح بنگلورو میں کل پانچ مقامات پر چھاپہ مارا، بشمول کانگریس ایم ایل اے بی سبا ریڈی کے گھر،جن پر فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ (فیما) کی خلاف ورزی کے الزام ہیں۔چکبالا پور ضلع کے باگے پلی اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرنے والے سبا ریڈی کی رہائش گاہ، ان کے خاندان کے افراد کی جائیدادوں اور ان کے کاروباری شراکت داروں کے احاطے کی تلاشی لی گئی ہے۔ ملائیشیا، ہانگ کانگ اور جرمنی میں بینک اکاؤنٹس اور غیر ملکی جائیدادوں سے متعلق دستاویزات کی چھان بین کی جا رہی ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق ای ڈی ٹیم نے یہ کارروائی غیر ملکی لین دین اور سرمایہ کاری سے متعلق اہم دستاویزات ملنے کے امکان کے پیش نظر کی ہے۔ ایم ایل اے کے رشتہ داروں کے خلاف بھی تفتیش جاری ہے۔

