تاثیر 29 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 29 جولائی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن کے کمشنر انل کمار پوار کی سرکاری رہائش گاہ سمیت 12 مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے۔ یہ کارروائی منگل کی صبح 6 بجے نالاسوپارہ میں 41 غیر مجاز عمارات سے متعلق معاملے کے تحت انجام دی گئی۔ ای ڈی نے اس بارے میں کوئی باضابطہ بیان تو جاری نہیں کیا، مگر ذرائع کے مطابق یہ چھاپے کافی اہمیت کے حامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ای ڈی نے کمشنر کی رہائش گاہ پر دستاویزات، کمپیوٹرز اور دیگر مواد کی باریک بینی سے تلاشی لی۔ اس سے قبل اسی کیس کے سلسلے میں مئی 2024 میں ای ڈی نے منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ کے تحت ممبئی اور حیدرآباد کے 13 مقامات پر چھاپے مار کر 9.04 کروڑ روپے نقد، 23.25 کروڑ روپے کے زیورات اور سونا برآمد کیا تھا۔

