تاثیر 17 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی اور سنکلپ ٹوڈے کے اشتراک سے ہوڑہ مسلم ہائی اسکول میں بیداری مہم کا انعقاد
ہوڑہ، 17/ جولائی (محمد نعیم) بچوں کی اسمگلنگ (چائلڈ ٹریفکنگ) جیسے خطرناک سماجی جرم کے خلاف عوامی بیداری پیدا کرنے کی غرض سے ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی، ہوڑہ اور سنکلپ ٹوڈے – لیگل بیداری مشن کے اشتراک سے ہوڑہ مسلم ہائی اسکول میں ایک اہم آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس تقریب میں طلبہ، اساتذہ، والدین اور مقامی عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پروگرام کا بنیادی مقصد طلبہ اور معاشرے کے دیگر طبقات کو چائلڈ ٹریفکنگ کے نقصانات، اس کے قانونی پہلوؤں اور تدارکی اقدامات سے آگاہ کرنا تھا۔ پروگرام کے دوران قانونی ماہرین، سماجی کارکنان اور پولیس افسران نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور چائلڈ ٹریفکنگ کے خلاف متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر اسکول کمیٹی کے صدر جناب عبدالقیوم انصاری، جناب اسلام الدین لالہ، محترمہ ایڈوکیٹ یاسمین خاتون، سوشل ورکر رئیس عالم سنی اور معزز جج جناب شیامل گپتا نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔ مقررین نے قانوناً دستیاب سہولتوں، والدین اور تعلیمی اداروں کی ذمہ داریوں اور سماجی بیداری کی اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
ایڈوکیٹ آدرس پانڈے نے ہیومن ٹریفکنگ کے قانونی پہلوؤں پر مدلل گفتگو کی، جبکہ سنکلپ ٹوڈے کے بانی و سکریٹری جناب امتیاز بھارتیہ نے ادارے کی سرگرمیوں اور بچوں کے حقوق سے متعلق جاری کوششوں کا ذکر کیا۔
دیگر اہم شرکاء میں اسکول ہیڈ ماسٹر شمشاد عالم، ڈاکٹر اظہار آصف، جمیل احمد، امرجیت سنگھ، گروچرن سنگھ سرل، زاہد حسین، بلال صابر، نیاز احمد، عبدالرؤف شمشاد عالم، تنویر عظیم فرازی، حامد حسین، افتخار احمد، خالد محمود وغیرہ شامل تھے جنہوں نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پروگرام کے دوران شرکاء میں معلوماتی لیف لیٹس تقسیم کیے گئے اور بچوں کے قانونی حقوق سے متعلق اہم نکات پر روشنی ڈالی گئی۔ آخر میں تمام شرکاء نے چائلڈ ٹریفکنگ جیسے ناسور کے خلاف متحد ہو کر مسلسل جدوجہد کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
واضح رہے کہ اس پروگرام میں مغربی بنگال کی ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، جیل سروس، محترمہ شانتی داس اور ہوڑہ ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی کے انچارج جناب پرسنجیت بھٹاچاریہ نے بھی بھرپور تعاون فراہم کیا۔

