تاثیر 26 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
گملہ، 26 جولائی: جھارکھنڈ میں گملا ضلع کے گھگھرا تھانہ علاقے کے لاوا داگ جنگل میں پولیس نے ممنوعہ جنگجو تنظیم جھارکھنڈ جن مکتی پریشد (جے جے ایم پی) کے تین جنگجوؤں کو ایک تصادم میں ہلاک کر دیا ہے۔ پولیس نے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا ہے۔
نکسل مخالف اس آپریشن میں گملا ضلع کے گھگھرا، بشن پور اور گملا تھانوں کی پولیس کے ساتھ ساتھ جھارکھنڈ جاگوار کے فوجی بھی شامل تھے۔ اس مشترکہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ سے تین ہتھیار بھی برآمد کیے ہیں۔ برآمد کیے گئے اسلحے میں ایک اے کے 47 اور دو INSAS رائفلیں شامل ہیں۔
گملا سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) ہریش بن جاما نے کہا کہ انہیں خفیہ اطلاع ملی تھی کہ جے جے ایم پی کمانڈر دلیپ لوہارا اپنے دستے کے ساتھ علاقے میں موجود ہیں۔ اس کے بعد پولیس نے ایک ٹیم تشکیل دی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ عسکریت پسندوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں تین جنگجو جنگل میں ہی مارے گئے۔ ان کے پاس سے ایس ایل آر کے علاوہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

