تاثیر 8 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن،08جولائی:وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ’اولین ترجیح‘ غزہ میں جاری جنگ کا خاتمہ اور حماس کی تحویل میں موجود قیدیوں کی رہائی ہے۔ اس اعلان سے قبل صدر ٹرمپ پیر کی شب اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو سے ملاقات کرنے والے تھے۔وائٹ ہاؤس کی ترجمان کارولائن لیویٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ صدر ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وِٹکوف رواں ہفتے قطر روانہ ہوں گے، جہاں اسرائیل اور حماس کے درمیان بالواسطہ مذاکرات جاری ہیں۔انہوں نے کہاکہ “میں تصدیق کرتی ہوں کہ ایلچی اسٹیو وِٹکوف اس ہفتے دوحہ جائیں گے، جہاں وہ مذاکرات میں شریک رہیں گے۔کارولائن لیویٹ کے مطابق “صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی توجہ اس وقت اس بات پر مرکوز ہے کہ حماس سے جنگ بندی پر رضامندی حاصل کی جائے۔
ادھر فلسطینی ذرائع نے پیر کے روز رائیٹرز کو بتایا کہ “اسرائیل کی جانب سے غزہ میں امدادی سامان کی آزادانہ اور محفوظ رسائی سے انکار، قطر میں جاری جنگ بندی مذاکرات کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے”۔اسی تناظر میں، اسرائیلی قیدیوں کے اہل خانہ کی تنظیم نے پیر کو نیتن یاھو اور ٹرمپ سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں موجود تمام قیدیوں کی واپسی اور جنگ کے خاتمے کے لیے ایک “جامع اور مکمل” معاہدہ کریں۔

