اسلام کو زندہ رکھنے کے لئے مدارس کا قیام ضروری: سلیم پرویز

تاثیر 10 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ووٹر لسٹ رویژن میں مسلمان بڑھ چڑھ کر حصہ لیں: ارشاد علی آزاد

پٹنہ، 10 جولائی: ماں کی گود کے بعد مدرسہ ہی بچوں کی تعلیم کے لئے بہترین جگہ ہے۔ اسلام کو زندہ رکھنے کے لئے مدارس کا قیام ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے چیئرمین سلیم پرویز نے پٹنہ سیٹی واقع مدرسہ گلشن ابراہیم میں کمپیوٹر لیب کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس قوم کی شروعات اقراء سے ہو اس قوم سے بہتر کوئی قوم نہیں ۔ قرآن کی تعلیم حاصل کر اور اس پر عمل کرکے ہی بڑے بڑے سائنسداں ہوئے۔
جناب سلیم پرویز نے کہاکہ آج کے دور میں کمپیوٹر کی تعلیم انتہائی ضروری ہے۔ کمپیوٹر کے ذریعہ ہی ہوائی جہاز اور راکیٹ کنٹرول ہوتے ہیں۔ بچوں کو کمپیوٹر کی تعلیم سے بھی آراستہ ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچے کمپوٹراور موبائل کا استعمال تعلیم کے لئے کریں ریل بنانے کے لئے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین محنت مشقت کرکے بچوں کو تعلیم دلاتے ہیں اور کچھ ان کی محنت کی کمائی سے تعلیم پرتوجہ نہ دے کر بے جا خرچ کرتے ہیں۔ در اصل وہ ووالدین کو نہیں بلکہ خود کو دھوکہ دیتے ہیں۔ انہوں نے طالب علموں سے کہا کہ یہ ان کا سنہرا دور ہے ۔ لوہا جب گرم ہوتا ہے تو اس پر ہتھوڑامارا جاتا ہے۔ لہذا ابھی آپ کا وہ دور ہے جب لوہا گرم ہے اور یہی وہ وقت ہے جب اس لوہے پر ہتھوڑا چلانے کی ضرورت ہے یعنی اس عمر کا صحیح استعمال کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی نتیش کمار کا دور اقتدار ہے۔ اس دور میں اگر کمپیوٹر کی تعلیم حاصل لیتے ہیں تو کسی نہ کسی محکمہ میں کمپیوٹر آپریٹر، ڈاٹاآپریٹر و دیگر شعبہ میں ملازمین ضرور ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ میرے والدین کے پاس اتنے پیسے نہیں تھے کہ میں اعلی تعلیم حاصل کرسکوں ۔ میں نے بھی ممبئی میں ریمنگٹن مشین پر ٹائپنگ کا کورس چالیس دنوں میں پورا کیا اور پھر بیرون ملک ملازمت کی۔ مجھے امریکہ جانے کی خواہش تھی اور اللہ تعالی کے فضل سے میری وہ خواہش بھی پوری ہوئی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ مدرسہ گلشن ابراہیم کے فوقانیہ تک اپ گریڈ کرنے کا کا خرچ میں اپنی جیب سے کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ اس مدرسہ کی ترقی میں ہرممکن مدد کروں گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بہاراسٹیٹ شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین ارشاد علی آزاد نے پٹنہ سیٹی تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ مدرسہ سلیمانیہ سے لے کر سنی وقف بورڈ اور شیعہ وقف بورڈ سے ملحق جائداد پٹنہ سیٹی سے ہی تعلق رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدرسہ گلشن ابراہیم میں تعلیم کا بہتر نظم ہے۔ اس سے ضلع انتظامیہ کو بھی روبرو کرانا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ووٹر لسٹ رویژن میں مسلمان بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
اس موقع پرجنتادل یو لیڈر آر اے دانش، سماجی کارکن شاہ فیض الرحمن، سینئرصحافی ساجد پرویز، قاری شہودالرحمن، ریاض الدین، حنیف شیخ، جمیل احمد، سید مشرف حسن، محمد اسامہ، عبدالقادر، شہزاد رشید، ڈاکٹر اقبال احمداور محمد آفریدی خاص طور سے موجود تھے۔
اس سے قبل مدرسہ گلشن ابراہیم کے صدر سید عبدالحنان، سکریٹری خلیل احمد کے ذریعہ بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے چیئرمین سلیم پرویز ، ارشاد علی آزادو مہمانان کا شال اور گلدستہ پیش کر خیر مقدم کیا گیا۔اس موقع پر شاہ عظیم آباد وایجوکیشنل ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے سکریٹری محمد یونس بھی مومینٹو اور گلدستہ پیش کرچیئرمین سلیم پرویزکی عزت افزائی کی۔ بعدازاں جناب سلیم پرویزن نے کمپیوٹر لیب کا افتتاح کیا۔ تقریب کا آغازمحمد افروز کے تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ محمد عبداللہ نے نعت پیش کیا اور محمد مفضال رضا، حبیب اللہ، سید عدنان ہاشمی، سید صبا ہاشمی اور محمد افروز نے مختلف موضوعات پر ہندی، انگریزی اور اردو میںمختصر تقریر پیش کیا۔