جعلی ڈاکٹر نے ویڈیو کال ذریعہ ڈلیوری کرائی،خاتون جاں بحق،ہسپتال سیل،ڈاکٹر فرار

تاثیر 10 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) سہسرام ​​ میں جعلی ڈاکٹر نے ویڈیو کال کی مدد سے ایک حاملہ خاتون کا آپریشن کیا جس کے بعد خاتون کی موت بھی ہوگئی لیکن نومولود محفوظ ہے ۔ مذکورہ خاتون کی موت کے بعد اہل خانہ نے اسپتال میں ہنگامہ بھی کیا۔ شہر کے قریب جے شری گاؤں کے ونود پرساد کی بیوی سنگیتا دیوی عمر 26 سال کو درد کی تکلیف کے بعد پرائمری ہیلتھ سینٹر میں داخل کرایا گیا جہاں سے آشا ورکر اسے مرکز صحت سے جنتا اسپتال لے آئی ۔ ملزم ڈاکٹر راج دیو کمار سنگھ نے ویڈیو کال پر کسی سے بات کی اور خاتون کا آپریشن کیا ۔ گھر والوں کے ہنگامے کے بعد کلینک کا عملہ اور ڈاکٹر راج دیو کمار سنگھ فرار ہو گئے‌ ۔
لواحقین کی شکایت پر سول سرجن ڈاکٹر منیراج رنجن نے کہا کہ اسپتال کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ہسپتال کو سیل بھی کر دیا گیا ہے ۔مذکورہ خاتون کو سرکاری اسپتال سے لالچ دے کر جنتا اسپتال لے جانے والی آشا ورکر کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے، کلینک کے ڈاکٹر راج دیو کمار سنگھ نے ویڈیو کال پر دوسرے ڈاکٹر سے رابطہ کیا تھا اور اسی ہدایت پر آپریشن کیا تھا جس دوران ہی سنگیتا کی حالت بگڑنے لگی تھی تو اسے ریفر کرنے کی درخواست بھی کی گئی تھی لیکن ڈاکٹر نے کسی کی نہ سنی تھی ۔۔ روہتاس کے سول سرجن ڈاکٹر منیراج رنجن نے بتایا کہ ضلع مجسٹریٹ کی ہدایت پر اب تھانہ انچارج، زونل افسر اور بی ایم او کی ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دی جائیگی اور فرضی کلینکس پر چھاپے مارے جائینگے ۔