راجستھان کے کئی اضلاع میں سیلاب جیسی صورتحال، تین اضلاع میں آج بارش کا ریڈ الرٹ

تاثیر 29 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جے پور، 29 جولائی : راجستھان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں موسلادھار بارش کی وجہ سے زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ کوٹا، بھیلواڑہ، چتوڑ گڑھ، پالی، جھالاواڑ اور جے پور سمیت کئی اضلاع میں مسلسل موسلادھار بارش کی وجہ سے سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے محکمہ موسمیات نے منگل کو تین اضلاع میں ریڈ الرٹ، پانچ اضلاع میں اورنج الرٹ اور انیس اضلاع میں ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر تیرہ اضلاع میں اسکولوں کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق یکم اگست کے بعد ہی موسم میں کچھ راحت آنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بھرت پور، دھول پور اور کرولی اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کیا ہے، الور، دوسہ، سوائی مادھوپور، کوٹہ اور باراں اضلاع میں اورنج الرٹ جاری کیا ہے اور جھالاواڑ، بوندی، ٹونک، اجمیر، ناگور، جے پور، سیکر، جھنجھنو، چورو، ہنومان گڑھ، گنگانگر، بھیلواڑہ، پالی، راج سمند، چتوڑگڑھ، ڈونگرپور، بانسواڑہ اور ادے پورضلع کے لئے ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔