تعمیرات میں بڑی لاپروائی، اوور برج کے جوڑوں پر چھڑنظر آ رہے ہیں

تاثیر 14 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

رائے گڑھ، 14 جولائی: رائے گڑھ شہر کی لائف لائن مانے جانے والے کوترا روڈ اوور برج کی حالت انتہائی تشویشناک ہوتی جا رہی ہے۔ کلمی اور ٹرانسپورٹ نگر کو جوڑنے والا یہ پل اب اپنی کوالٹی کو لے کر سوالوں کی زد میں ہے۔ کوترہ روڈ اوور برج کی حالت شہری ٹریفک کے لیے خطرے کی علامت بن سکتی ہے۔ اب وقت کا تقاضا ہے کہ احتساب کا تعین کیا جائے اور متعلقہ اداروں کو فوری ایکشن لینے پر مجبور کیا جائے، تاکہ کسی بھی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔حال ہی میں مکمل ہونے والے اس پل کے درمیان کے جوڑوں میں ڈھلائی اب اکھڑنے لگی ہے ۔
ناقص تعمیراتی کام کا نتیجہ ہے کہ کئی جگہوں پر ڈھلائی اکھڑنے کی وجہ سے سریئے نظر آنے لگے ہیں۔ اگر بروقت مرمت کا کام نہیں کیا گیا تو یہ پل بھی گووردھن پل کی طرح بھاری نقصان کی طرف بڑھ سکتا ہے۔ گووردھن پل کو بھی مرمت نہ ہونے کی وجہ سے بند کرنا پڑا۔ پل کے دونوں طرف بنے فٹ پاتھ بھی ٹوٹ پھوٹ کی کہانی سنا رہے ہیں۔ کئی مقامات پر ڈھکن غائب ہیں جبکہ دیگر مقامات پر ڈھکن ٹوٹے ہوئے ہیں۔ جس سے سریئے باہر نکل آئے ہیں جو کہ پیدل چلنے والوں کے لیے کسی بھی وقت خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ محکمہ تعمیرات عامہ کے پل کے ذمہ داروں کا کردار بھی سوالیہ نشان ہے، کیونکہ پل ابھی گارنٹی پیریڈ میں ہے۔