تاثیر 22 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جموں, 22 جولائی: جموں و کشمیر محکمہ موسمیات نے 22 سے 25 جولائی کے دوران جموں ڈویژن کے مختلف علاقوں میں شدید بارش کے امکان کو مدنظر رکھتے ہوئے الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ نے شہریوں اور کسانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔محکمہ کے ترجمان کے مطابق 22 اور 23 جولائی کو جموں ڈویژن کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش، گرج چمک اور تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جب کہ بعض مقامات پر شدید سے بہت شدید بارش کا بھی امکان ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ 24 جولائی کو موسم عمومی طور پر ابر آلود رہے گا اور کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا خدشہ ہے۔محکمہ کے مطابق 25 سے 27 جولائی کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم کہیں کہیں ہلکی بارش یا بوندا باندی متوقع ہے۔ 28 سے 30 جولائی کے دوران ایک اور بارش کا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے تحت کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش کے سبب کچھ علاقوں میں اچانک سیلاب، مٹی کے تودے گرنے، پتھروں کے کھسکنے، ندی نالوں میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے جیسے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔محکمہ نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 22 سے 24 جولائی تک زرعی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل رکھیں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

