تلنگانہ میں آئندہ دودنوں تک موسلا دھار بارش کاامکان

تاثیر 20 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

حیدرآباد 20 جولائی :ریاست تلنگانہ کے کئی اضلاع میں آنے والے دو دنوں تک موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے۔حیدرآباد کے محکمہ موسمیات نے اس انتباہ کے ساتھ اورینج الرٹ جاری کیاہے۔جن اضلاع کواس الرٹ کے دائرے میں شامل کیاگیاہے، ان میں حیدرآباد، جنگاؤں،محبوب نگر، میدک، میڑچل-ملکاجگیری، نلگنڈہ، رنگا ریڈی، یادادری بھونگیر اور عادل آباد شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق متعلقہ اضلاع کے ضلعی انتظامیہ کوانتباہ دیاگیا ہے کہ وہ ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔رپورٹ کے مطابق اس سال مانسون کے آغاز سے لے کر اب تک ریاست بھر میں اوسطاً 26.23 سینٹی میٹر بارش کی پیشن گوئی کی گئی تھی،مگر تاحال صرف 20.43 سینٹی میٹر ہی بارش ریکارڈ ہوئی ہے،جو معمول سے کم ہے۔ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بارش کے دوران احتیاط برتیں،نچلے علاقوں میں رہنے والے افرادخصوصی چوکسی اختیار کریں اورغیرضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔