تاثیر 25 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 25 جولائی: مدھیہ پردیش میں مانسون ایک بار پھر سرگرم ہوگیا ہے۔ جولائی کے آخری ہفتے میں تیز بارش کا نظام فعال ہو گیا ہے۔ جس کے باعث بعض مقامات پر تیز بارش اور بعض مقامات پر ہلکی بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعرات کو دارالحکومت بھوپال میں صبح سے دن بھر بارش جاری رہی۔ اسی طرح ریاست کے کئی اضلاع میں موسلادھار بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے آج جمعہ کو 19 اضلاع میں بہت زیادہ شدید بارش اور 18 اضلاع میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
ماہر موسمیات ڈاکٹر دیویا ای سریندرن نے کہا کہ ریاست میں دو ٹرف اور ایک یا دو سائیکلونک سرکولیشن کی سرگرمی ہے۔ ان مانسون ٹرف لائنوں میں سے ایک شمالی حصے سے گزر رہی ہے۔ اس کی وجہ سے اگلے چار دنوں تک کچھ جگہوں پر بہت زیادہ بارش کے لیے ریڈ الرٹ، کچھ جگہوں پر اورینج الرٹ اور کچھ جگہوں پر یلو الرٹ ہے۔ جمعہ کو جبل پور، رائسین، نرمداپورم، نرسنگھ پور، دموہ، بالاگھاٹ، منڈلا، ڈنڈوری، انوپ پور، امریا، شہڈول، کٹنی، پنا، ستنا، میہر، ریوا، مئوگنج، سیدھی اور سنگرولی میں بہت زیادہ بارش کا اورنج الرٹ ہے۔ یہاں اگلے 24 گھنٹوں میں ساڑھے 8 انچ تک پانی گر سکتا ہے۔ وہیں گوالیار، دتیا، ٹیکم گڑھ، نیواڑی، چھتر پور، ساگر، شیو پوری، اشوک نگر، ودیشا، سیہور، دیواس، ہردا، کھنڈوا، برہان پور، چھندواڑہ، پانڈھرنا اور سیونی میں شدید بارش ہوسکتی ہے۔

