میں نے اپنی گیندبازی اور مستقل مزاجی پر سب سے زیادہ توجہ مرکوز کی : نتیش ریڈی

تاثیر 11 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

لندن، 11 جولائی: لارڈز ٹیسٹ کے پہلے دن ہندوستان کی طرف سے سب سے کامیاب گیند باز بن کر ابھرے نوجوان آل راونڈر نتیش ریڈی نے اپنی سدھی ہوئی گیند بازی سے سب کو متاثر کیا۔ 22 سالہ نتیش نے انگلینڈ کی پہلی اننگز میں بین ڈکٹ اور زیک کرولی کو آوٹ کرتے ہوئے مجموعی طور پر دو وکٹیں حاصل کیں- اور خاص بات یہ رہی کہ انہوں نے اپنے پہلے ہی اوور میں دونوں وکٹیں حاصل کیں۔
ہندوستان کی طرف سے کھیلنے والے چار تیز گیند بازوں میں سب سے سلو رفتار سے گیندبازی کرنے والے نتیش نے 14 اوور ڈالے جو کہ تجربہ کار محمد سراج کے برابر تھے۔ انہوں نے دن بھر بہترین لائن اور لینتھ کے ساتھ گیند بازی کی اور انگلینڈ کو کھل کر رن بنانے نہیں دیا۔
دن کے کھیل کے بعد نتیش نے کہا کہ گیند بازی میں مستقل مزاجی وہ چیز ہے جس پر وہ اس دورے کے آغاز سے ہی کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’آسٹریلیا کے دورے کے بعد میں نے محسوس کیا کہ مجھے اپنی گیندبازی اور اس کی مستقل مزاجی کو بہتر کرنا ہوگا۔ میں نے اس پر سب سے زیادہ توجہ دی ہے۔‘‘