اسرائیلی حملے میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے زخمی ہونے کا انکشاف

تاثیر 13 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

تہران،13جولائی:ایرانی خبر رساں ایجنسی ’فارس‘ نے انکشاف کیا ہے کہ صدر مسعود پزشکیان گذشتہ ماہ تہران میں اسرائیلی حملے کے دوران زخمی ہوئے تھے۔ یہ حملہ ایران کی اعلیٰ سکیورٹی کونسل کے اجلاس کو نشانہ بنا کر کیا گیا تھا۔ایجنسی کے مطابق 16 جون کو ہونے والے اس حملے میں صدر پزشکیان کی ٹانگ پر معمولی زخم آئے۔ اجلاس میں ایران کی تینوں اہم ریاستی طاقتوں کے سربراہان اور اعلیٰ حکومتی عہدیدار شریک تھے۔ایرانی حکام حملے کے فوراً بعد ہنگامی راہداری کے ذریعے عمارت سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ ایجنسی کے مطابق یہ راہداری پہلے سے ایسے کسی ہنگامی موقع کے لیے تیار کی گئی تھی اور عہدیدار اجلاس کے وقت عمارت کی نچلی منزلوں میں موجود تھے۔’فارس‘ ایجنسی کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو اجلاس کی تفصیلات تک درست رسائی حاصل ہونا، ممکنہ داخلی جاسوسی کی طرف اشارہ کرتا ہے، جس پر ایرانی حکام نے باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ حملے کی منصوبہ بندی اس انداز میں کی گئی تھی کہ یہ حزب اللہ کے سابق سربراہ حسن نصر اللہ کے خلاف ہونے والی ایک کارروائی سے مشابہ ہو۔حملے کے دوران چھ بم یا میزائل داغے گئے، جن کا ہدف عمارت کی داخلی و خارجی راہ داریاں تھیں، تاکہ فرار کے راستے مسدود کیے جا سکیں اور اندر موجود افراد کو ہوا کی فراہمی منقطع ہو جائے۔ دھماکوں کے بعد عمارت میں بجلی بھی منقطع ہو گئی، تاہم اہلکار ایمرجنسی راستے سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔