تاثیر 12 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
تہران،12جولائی:ایران کے رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ان کے ملک کے پاس یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ جب چاہے خطے میں اہم امریکی تنصیبات تک پہنچ سکتا ہے۔انھوں نے یہ بات آج ہفتے کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر کہی۔ خامنہ ای نے اس بات پر زور دیا کہ قطر میں امریکی فضائی اڈے “العدید” پر کیا گیا حملہ محض ایک معمولی واقعہ نہیں بلکہ ایک ’بڑی ضرب‘ تھی، جو ان کے مطابق دوبارہ بھی دہرائی جا سکتی ہے۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خبر رساں ادارے “ایسوسی ایٹڈ پریس” نے قطر میں واقع امریکی فضائی اڈے “العدید” پر ایرانی حملے کی سیٹلائٹ تصاویر جاری کی ہیں۔ادارے کی رپورٹ کے مطابق حملے میں وہ گنبد نشانہ بنا جس میں امریکی فوج محفوظ مواصلاتی نظام کے لیے استعمال ہونے والے آلات رکھتی ہے۔ اس کی تصدیق امریکی وزارتِ دفاع (پینٹاگان) کے ترجمان شون بارنل نے بھی کی، بارنل کے مطابق یہ گنبد ایک ایرانی بیلسٹک میزائل کی زد میں آیا تھا۔یہ ایرانی حملہ 23 جون کو قطر کے دار الحکومت دوحہ کے قریب واقع العدید فضائی اڈے پر اس وقت کیا گیا جب امریکہ نے ایران کے تین جوہری مراکز پر فضائی حملے کیے تھے۔

