بہار شریف میں جے ڈی یو اقلیتی مکالمہ پروگرام کا انعقا

تاثیر 30 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

بہار شریف30 جولائی (محمد دانش)شہر کے مہاراجا پیلس میں جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کی جانب سے اقلیتی مکالمہ پروگرام کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر بطور مہمانِ خصوصی جے ڈی یو کے سینئر لیڈر عبدالباقی صدیقی اور بہار اسٹیٹ ویمن کمیشن کی رکن رضیہ کامل نے شرکت کی۔ ان کی آمد پر جے ڈی یو کارکنان نے پھول مالاؤں اور زوردار نعروں کے ساتھ پرجوش استقبال کیا۔پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے عبدالباقی صدیقی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ہمیشہ اقلیتی برادری کے حقوق اور ترقی کے لیے سنجیدگی سے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار شریف میں کروڑوں کی لاگت سے ایک جدید مدرسہ کی تعمیر اسی سوچ کی ایک مثال ہے۔رضیہ کامل نے بھی کارکنان کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ جے ڈی یو حکومت نے اقلیتوں کی تعلیم، روزگار اور تحفظ کو ہمیشہ ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’آنے والے اسمبلی انتخابات میں ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ متحد ہوکر نتیش کمار کو دوبارہ وزیر اعلیٰ بنائیں۔‘‘اس موقع پر جے ڈی یو اقلیتی سیل کے ضلع صدر عمران رضوی، مہا نگرنائب صدر امجد صدیقی، سلطان انصاری، مختارالحق، ریاستی سیکریٹری محمود بکھو، انجینئر علی احمد، معراج الدین، آشش کمار، علی انصاری، سکیب الحسن اور علی رضا سمیت بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان موجود تھے۔