تاثیر 29 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 29 جولائی: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں منگل کے روز ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں کل 41 تجاویز کو منظوری دی گئی ہے، جن میں راجگیر اسپورٹس اکیڈمی کے لیے 1100 (گیارہ سو) کروڑ روپے کی منظوری اور صحافی پنشن اسکیم میں تبدیلی کی منظوری شامل ہے۔
منگل کے روز نتیش کمار کی کابینہ کی میٹنگ میں سب سے بڑا اعلان صحافیوں کی پنشن اسکیم سے متعلق تھا۔ چند روز قبل وزیراعلیٰ نے اہل صحافیوں کی پنشن 6000 روپے سے بڑھا کر 15000 روپے کرنے کا اعلان کیا تھا جس کی اب کابینہ نے باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ حکومت کے اس فیصلے سے ریاست کے سبکدوش صحافیوں کو بڑی راحت ملنے والی ہے۔ اس کے ساتھ ہی راجگیر میں اسپورٹس اکیڈمی کے قیام کے لیے 1100 (گیارہ سو) کروڑ روپے کی خطیر رقم منظور کی گئی ہے جس سے ریاست کے کھیلوں کے شعبے کو ایک نئی جہت ملے گی۔
کابینہ کی میٹنگ میں سیتامڑھی ضلع میں پنورا دھام مندر کے قریب سیاحت کی ترقی اور انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے 50.50 ایکڑ اراضی کے حصول کے لیے 120 کروڑ 58 لاکھ 67 ہزار 175 روپے کی رقم پر نظرثانی کی گئی اور محکمہ سیاحت کی طرف سے 50 ایکڑ اراضی کے حصول کے لیے مختص رقم 5 لاکھ 16 ہزار 516 کروڑ روپے کر دی گئی۔ اشوک راج پتھ کو پٹنہ سے ایمس این ایچ 98سے دیگھا ریل کم روڈ پل تک اضافی کنیکٹیوٹی کے لیے 1,368 کروڑ 46 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔
بہار اسٹیٹ یوتھ کمیشن میں 6 نئے عہدوں کو بھی منظوری دی گئی ہے، جسے نوجوانوں کی آواز کو مضبوط کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔ ریاست میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے مونگیر کے مشہور سیتا کنڈ میلے کو قومی میلے کا درجہ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 6 ڈاکٹروں کو ان کے کام سے فارغ کر دیا گیا ہے جس سے محکمہ صحت میں تبدیلی کا اشارہ ملتا ہے۔

