تاثیر 20 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 20 جولائی:مہاراشٹر حکومت نے یتیم طلباء کے لیے تعلیم کو آسان بنانے کی سمت ایک اہم اقدام اٹھایا ہے۔ ریاستی حکومت نے 2024-25 کے تعلیمی سال سے اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم میں داخلہ لینے والے یتیم طلباء کو مکمل فیس معافی دینے کا اعلان کرتے ہوئے ویمن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے تحت ایک سرکاری جی آر جاری کیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد یتیم بچوں کو تعلیمی اخراجات سے آزاد کر کے ان کے لیے بہتر مستقبل کی راہ ہموار کرنا ہے۔
یہ اقدام سماج وادی پارٹی کے ایم ایل اے رئیس شیخ کے اس مسئلے کو اسمبلی میں اٹھانے کے بعد سامنے آیا ہے، جہاں انہوں نے اس امر پر روشنی ڈالی کہ کس طرح یتیم بچے تعلیمی اخراجات کے لیے نجی اداروں یا عطیہ دہندگان پر انحصار کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ حکومت نے ان خدشات کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے فوری فیس معافی کو منظوری دی۔ آج شیخ نے حکومت کی اس کارروائی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جی آر میں کچھ خامیاں موجود ہیں، خاص طور پر 8 لاکھ کی آمدنی حد جو غیر منطقی ہے اور اسے بدلنا چاہیے۔

