مرکزی وزیر سنجے سیٹھ کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے والا شخص گرفتار

تاثیر 28 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

رانچی، 28 جولائی: رانچی پولیس نے مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع اور رانچی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سیٹھ کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ ڈی آئی جی کم ایس ایس پی چندن سنہا کی ہدایت پر تشکیل دی گئی پولیس ٹیم نے یہ کارروائی کی ہے۔ گرفتار ملزم کا نام نتیا نند پال بتایا جاتا ہے۔ ایک سینئر افسر نے پیر کو گرفتاری کی تصدیق کی۔ پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق ملزم نے نشے کی حالت میں مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ کو فون پر جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔ فون کرنے والے نے سنجے سیٹھ کو بتایا تھا کہ اس نے بہت سے لوگوں کو مارا ہے اور اب وزیر کی باری ہے۔ اس کے بعد دھمکی دینے والے شخص نے میسج بھی کیا، جس میں لکھا تھا کہ تمہیں گولی مار دی جائے گی۔
دھمکی ملنے کے بعد سنجے سیٹھ نے فوری طور پر رانچی اور دہلی پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی رانچی پولیس متحرک ہوگئی اور ڈی آئی جی کم ایس ایس پی چندن سنہا کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی۔ اس ٹیم نے تیزی سے کام کیا اور دھنباد سے لوگوں کو دھمکیاں دینے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔