تاثیر 21 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کچھار (آسام)، 21 جولائی:مشتبہ سونے کے بسکٹ کی اسمگلنگ سے متعلق ایک قابل اعتماد اطلاع کی بنیاد پر، کچھار ضلع ہیڈکوارٹر شہر سلچر پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم نے کل رات ایک مہم چلائی۔ پولیس ٹیم نے رام نگر بائی پاس کے قریب کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 439 گرام وزنی سونے کے 3 مشتبہ بسکٹ برآمد کئے، جس کی مالیت 45 لاکھ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔
ضلع پولیس افسر نومل مہتا نے آج بتایا کہ منی پور کے چورا چاند پور ضلع کے رہنے والے کھمنیو منلوا (32) کو مشتبہ سونے کے بسکٹوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے موقع پر موجود آزاد گواہوں کی موجودگی میں سونے کے بسکٹ ضبط کر لیے۔ بتایا جاتا ہے کہ سونے کے مشتبہ بسکٹ منی پور سے لائے گئے تھے اور انہیں آئی ایس بی ٹی، سلچر کے قریب کہیں پہنچایا جانا تھا۔ مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

