بہار میں مانسون فعال، پٹنہ سمیت کئی اضلاع میں موسلادھار بارش

تاثیر 29 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 29 جولائی:بہار میں مانسون پوری طرح سے سرگرم ہوگیا ہے جس کی وجہ سے راجدھانی پٹنہ سمیت کئی اضلاع میں موسلادھار بارش جاری ہے۔ پیر کی دیررات ہوئی بارش نے پٹنہ کو پانی پانی کر دیا، جس کی وجہ سے راجندر نگر اور کنکڑباغ جیسے کئی علاقے تالاب اور جھیلوں میں تبدیل ہو گئے۔
سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی اور مقامی لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات، پٹنہ اور پوسا کے دیہی موسمیاتی مرکز کے مطابق پٹنہ میں آئندہ 1-2 دنوں تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ جنوبی بہار میں مانسون کی مضبوط حالت کی وجہ سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے جبکہ شمالی بہار میں یہ کمزور پڑ رہی ہے۔
آئی ایم ڈی نے 29 جولائی یعنی آج بہار کے کئی اضلاع میں موسلا دھار بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ جموئی،بانکا، بھاگلپور اور ارریہ میں کئی مقامات پر شدید بارش کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نوادہ اور مونگیر جیسے اضلاع میں بھی ایک یا دو مقامات پرموسلادھار بارش کے امکان کے ساتھ یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔