دربھنگہ اور اطراف میں محرم کا تہوار بحسن و خوبی اختتام پذیر

تاثیر 7 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ(فضا امام) 7 جولائی:- 10ویں محرم کو شہر کے قلعہ گھاٹ پر ایک بہت بڑا ہجوم جمع ہوا۔ ضلع بھر سے 140 سے زیادہ اکھاڑے یہاں پہنچے۔ نمائشی کھیل کو لوگوں نے خوب سراہا ۔ اس دوران ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔اس موقع پر شہر کے مختلف مقامات پر مجسٹریٹس کے ساتھ ساتھ پولیس کی بڑی تعداد کو تعینات کیا گیا تھا۔ مختلف مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ سماج دشمن عناصر پر نظر رکھنے کے لیے سادہ لباس میں اہلکار تعینات تھے۔ ڈی ایم، ایس ایس پی، سٹی ایس پی، صدر ایس ڈی پی او وغیرہ افسران نے دن بھر پورے شہر کا دورہ کیا اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے متعلقہ افسران کو کئی ضروری ہدایات دیں۔ ملان کے پروگرام کا آغاز شام دیر گئے قلعہ گھاٹ میں اکھاڑوں کی آمد سے ہوا۔ قلعہ گھاٹ کی طرف جانے والی سڑکوں پر کافی ہجوم تھا۔ اس دوران مختلف مقامات پر کھلاڑیوں کے لیے پینے کے پانی، شربت وغیرہ کا انتظام کیا گیا۔ دربھنگہ ضلع محرم کمیٹی کی جانب سے ابتدائی طبی امداد کے لیے کیمپ لگائے گئے تھے۔دربھنگہ ضلع محرم کمیٹی قلعہ گھاٹ کی جانب سے کھلاڑیوں نے مختلف مقامات پر کھیل کا مظاہرہ کرکے خوب داد حاصل کی۔ شام کے وقت ضلعی محرم کمیٹی نے ملان کا پروگرام منعقد کیا۔ جس میں مختلف اکھاڑوں کی بڑی تعداد نے پہنچ کر شرکت کی۔ اس دوران سڑکوں پر بھیڑ جمع ہوگئی۔ ٹریفک کے نظام کو کنٹرول کرنے کے لیے مختلف مقامات پر تعینات پولیس اہلکار عوام کو ضروری ہدایات دے رہے تھے۔ قلعہ گھاٹ میں سٹی ایس پی سمیت کئی پولس افسران اور اہلکار موجود تھے۔دسویں محرم کو پرامن بنانے میں ضلعی انتظامیہ، ضلعی امن کمیٹی اور رضاکاروں نے اہم کردار ادا کیا۔ کنٹرول روم سے ناکہ پانچ کی نگرانی کی جا رہی تھی جبکہ اسپیشل برانچ کے لوگ بھی جلوس پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ جگہ جگہ پولیس تعینات تھی۔ ڈرون کے ذریعے سی سی ٹی وی کیمروں اور ویڈیو گرافی سے نگرانی کی جا رہی تھی۔ انتظامیہ کی ہر شخص پر نظر تھی۔ اس دوران لوگوں سے بار بار اپیل کی جارہی تھی کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دھریں۔ اس کا اثر بھی نظر آنے لگا۔ دن بھر اکھاڑوں میں کھیلوں کی مشق کرنے کے بعد، اکھاڑہ قلابازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میلان کے لیے روانہ ہوئے۔ شام چھ بجے کے بعد اکھاڑوں کا قافلہ قلعہ گھاٹ پہنچنا شروع ہوا۔ ضلع محرم کمیٹی کے اہلکاروں اور رضا کاروں کے ساتھ پولیس کی بڑی تعداد تعینات تھی۔ چوکوں اور چوراہوں پر خواتین اور بچے خریداری کرتے نظر آئے۔ کمیٹی کے صدر عاقب نذر اور جنرل سیکرٹری کلیم الدین عرف رستم قریشی نے کہا کہ امام حسین کی شہادت ہمیں صبر اور اپنی سچائی پر قائم رہنے کا درس دیتی ہے۔ دین کی حفاظت کے لیے آخری سانس تک لڑنے کی ترغیب ملتی ہے۔ اسلام محبت اور اخوت کا پیغام دیتا ہے۔ آج ہمیں باہمی ہم آہنگی بڑھانے کی ضرورت ہے۔ خزانچی محمود عالم، نائب صدر احمد رضا، جوائنٹ سیکرٹری شاہد اطہر، محمط آفتاب، احمد علی، نفیس الحق رنکو، محمد ممتاز عالم، شرف عالم تمنا، عظیم الدین قریشی، نظر عالم، دیدار حسین چاند، محمد مبین الدین عرف اکرم قریشی، رفیع نشتر، محمدعمر، رضی احمد، محمد امام الحق، میڈیا انچارج ناصر حسین اور درجنوں رضاکاروں نے تعاون کیا۔