تاثیر 16 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 16 جولائی:اب ویسٹ سنٹرل ریلوے میں مسافروں کے لیے ریزرویشن لسٹ تیار کرنے کی مدت میں تبدیلی کی گئی ہے۔ اس کے تحت ریزرویشن لسٹ ٹرین کی روانگی کے وقت سے آٹھ گھنٹے پہلے جاری کی جائے گی۔ یہ نیا نظام بھوپال ڈویڑن کے ساتھ ساتھ مغربی وسطی ریلوے کے دیگر ڈویڑنوں میں منگل سے بدھ کی درمیانی شب سے نافذ کیا گیا ہے۔ یہ نیا سسٹم مسافروں کے لیے سفر سے قبل ٹکٹ کنفرمیشن کی حالت جاننے میں مددگار ثابت ہوگا۔
بھوپال ریلوے ڈویڑن کے رابطہ عامہ کے افسر نول اگروال نے بتایا کہ ریلوے مسافروں کی سہولت کے لیے اب ریزرویشن لسٹ ٹرین کی روانگی سے آٹھ گھنٹے قبل جاری کی جائے گی۔ یہ نظام مغربی وسطی ریلوے بشمول بھوپال ڈویڑن میں 16-15 جولائی کی درمیانی رات سے نافذ ہو گیا ہے۔

