بہار میں ووٹروں کی نظرثانی مہم کے خلاف پارلیمنٹ کے احاطے میں اپوزیشن کا مسلسل تیسرے دن احتجاج

تاثیر 23 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 23 جولائی : پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے تیسرے دن بدھ کو کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی قیادت میں انڈیا اتحاد کے رہنماؤں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں مظاہرہ کیا۔ اس میں سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو سمیت اپوزیشن کے کئی بڑے لیڈروں نے حصہ لیا۔ کانگریس، سماج وادی پارٹی، راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی)، دراوڑ منیترا کشگم (ڈی ایم کے) اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین نے متحد ہوکر اس عمل کے خلاف آواز اٹھائی۔
مظاہرے کے دوران تمام رہنماؤں نے ہاتھوں میں پوسٹر اٹھا رکھے تھے، جن پر لکھا تھا کہ ایس آئی آر ہندوستانی شہریوں کے حقوق چھین رہا ہے۔ ان پوسٹرز پر ‘انصاف’، ‘ٹیک بیک ایس آئی آر’ اور ‘جمہوریت بچاؤ’ جیسے نعرے بھی لکھے گئے تھے۔ اپوزیشن کا الزام ہے کہ ایس آئی آر کا عمل شفاف نہیں ہے اور یہ جمہوری اقدار کے خلاف ہے۔