تاثیر 13 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کولگام، 13 جولائی:حکام نے بتایا کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر کولگام کے کھڈونی علاقے میں یاترا کے قافلے کی نقل و حرکت کے دوران تین گاڑیوں کے آپس میں ٹکرانے کے بعد دس سے زیادہ امرناتھ یاتری زخمی ہو گئے۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ بالتال کی طرف جانے والے ایک قافلے کو ہائی وے پر ٹچلو کراسنگ کے قریب حادثہ اس وقت پیش آیا جب تین بسیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ دس سے زائد افراد زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔قائمو اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ قریب نو زخمی یاتریوں کو قریبی سہولت میں ابتدائی طبی امداد دی گئی اور بعد میں انہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اننت ناگ منتقل کیا گیا۔ان سب کو معمولی چوٹیں آئی ہیں اور ان کی حالت مستحکم ہے۔ انہیں مزید طبی علاج اور ضروری رسمی کارروائیوں کے لیے جی ایم سی ریفر کر دیا گیا۔

