تاثیر 26 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 26 جولائی :بہار کی راجدھانی سمیت کئی اضلاع کا موسم گزشتہ دو تین دنوں میں بدل گیا ہے۔ ہلکی سے درمیانی بارش سے لوگوں کو گرمی سے راحت ملی ہے۔پٹنہ میں ہفتہ کی صبح سے ہی بادل چھائے رہے۔ حالانکہ جیسے جیسے دن بڑھتا گیا، کبھی دھوپ نکلی اور کبھی ابر آلود۔ تیز ہوائیں چل رہی ہیں جس میں سردی محسوس کی جا رہی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ بہار میں مانسون نے پھر سے رفتار پکڑ لی ہے جس کی وجہ سے کئی اضلاع میں تیز ہواو?ں کے ساتھ تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کی ہے کہ یہ صورتحال آئندہ تین سے چار روز تک برقرار رہے گی۔ جمعہ کے روز راجدھانی پٹنہ سمیت کئی اضلاع میں شدید بارش نے لوگوں کو گرمی سے راحت تو دلائی لیکن تیز ہواو?ں، گرج چمک اور بجلی گرنے کے خطرے کے پیش نظر احتیاط کی اپیل کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون ٹرف لائن وسطی بہار سے گزر رہی ہے جس کی وجہ سے موسم میں یہ تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔ اس ٹرف لائن کے اثر سے بارش کی سرگرمیاں بڑھیں گی اور 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔

