تاثیر 18 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 18 جولائی:بھارتی اوپنر پرتیکا راول پر انگلینڈ کے خلاف خواتین کے پہلے ون ڈے میں آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے لیول 1 کی خلاف ورزی پر ان کی میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ یہ میچ بدھ کو ساؤتھمپٹن میں کھیلا گیا۔ راول پر کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے لیے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.12 کی خلاف ورزی کا الزام تھا، جس کا تعلق کسی کھلاڑی، امپائر، میچ ریفری یا تماشائیوں کے ساتھ “نامناسب جسمانی رابطہ” سے ہے۔
اس خلاف ورزی کے ساتھ راول کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ بھی شامل ہو گیا ہے۔ گزشتہ 24 ماہ میں یہ ان کا پہلا جرم تھا۔ راول کو دو الگ الگ واقعات میں نامناسب جسمانی رابطے کا مجرم پایا گیا تھا۔ پہلا واقعہ 18ویں اوور میں اس وقت پیش آیا جب وہ سنگل کے دوران انگلینڈ کی بولر لارین فائلر سے ٹکرا گئیں۔ دوسرا واقعہ اگلے ہی اوور میں پیش آیا، جب وہ آؤٹ ہونے کے بعد پویلین لوٹتے ہوئے سوفی ایکلسٹون سے ٹکرا گئیں۔

