صدرجمہوریہ نے ڈیورنڈ کپ 2025 کی ٹرافیوں کی نقاب کشائی کی

تاثیر 4 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 4 جولائی : صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے جمعہ کو راشٹرپتی بھون کلچرل سینٹر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں ڈیورنڈ کپ ٹورنامنٹ 2025 کی ٹرافیوں کی نقاب کشائی اور پرچم کشائی کی۔
اس موقع پر اپنے مختصر خطاب میں صدر مملکت نے کہا کہ کھیل نظم و ضبط، عزم اور ٹیم کے جذبے کو فروغ دیتے ہیں۔ کھیلوں میں لوگوں، خطوں اور ملکوں کو جوڑنے کی منفرد طاقت ہوتی ہے۔ ہندوستان میں کھیل قومی اتحاد کے لیے ایک طاقتور ہتھیار رہے ہیں۔ اولمپکس یا کسی بھی بین الاقوامی ایونٹ میں جب ترنگا بلند ہوتا ہے تو تمام ہم وطن شہری بہت پرجوش ہوجاتے ہیں۔
صدرجمہوریہ نے فٹ بال کے تئیں ہم وطنوں کے خصوصی لگاؤ کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کھیل صرف تفریح نہیں بلکہ ایک جنون ہے۔ فٹ بال کا کھیل حکمت عملی، برداشت اور اجتماعی کوشش کی علامت ہے۔ ڈیورنڈ کپ جیسے ایونٹس سے نہ صرف کھیل کے جذبے کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ فٹ بال کے کھلاڑیوں کی اگلی نسل کو تیار کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ وہ انہیں آگے بڑھنے کا پلیٹ فارم مہیا کرتے ہیں۔