تاثیر 30 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 30 جولائی:راجدھانی پٹنہ کے باشندوں کے برسوں کے انتظار کے بعدوزیر اعظم نریندر مودی 15 اگست کو پٹنہ میٹرو سروس کا افتتاح کریں گے۔ اس سے نہ صرف پٹنہ کے باشندوں کے سفر میں سہولت ملے گی بلکہ اس سے شہر کی رفتار کو بھی نئی تحریک ملے گی۔
پٹنہ میٹرو سروس کا پہلا روٹ ملاہی پکڑی سے پاٹلی پترا بس ٹرمینل تک ہوگا، جو تین کلومیٹر سے زیادہ لمبا ہے۔ تین بوگیوں والی اس جدید میٹرو میں ایک وقت میں تقریباً 150 مسافر سفر کر سکیں گے۔ مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر مستقبل میں کوچ کی تعداد ا?ٹھ کر دی جائے گی۔ ریاستی حکومت کرایہ طے کرنے والی کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر حتمی کرایہ طے کرے گی۔ ایک اندازے کے مطابق کم از کم کرایہ 15 روپے اور زیادہ سے زیادہ کرایہ 60 روپے ہو گا۔ 3-6 کلومیٹر کا کرایہ 30 روپے کے لگ بھگ ہو سکتا ہے، 6-8 کلومیٹر کے لیے یہ 45 روپے تک ہو سکتا ہے۔
دہلی اور پونے میٹرو کے مقابلے اسے طویل فاصلے کے لحاظ سے اقتصادی سمجھا جا سکتا ہے۔حالانکہ15 روپے کا ابتدائی کم از کم کرایہ دہلی اور پونے (10 روپے) کے مقابلے تھوڑا مہنگا ہے۔ میٹرو سروس دہلی میٹرو کے شیڈول کی طرح صبح 5 بجے سے رات 11 بجے تک چلے گی۔ اس سے مسافروں کو دن بھر سفر کرنے کی سہولت ملے گی۔ میٹرو کا ٹرائل رن مکمل ہو چکا ہے۔ افتتاح سے قبل حفاظتی اور تکنیکی معیارات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

