مظاہرین نے گورکھپور سے پاٹلی پترا جا رہی وندے بھارت ٹرین کو تقریباً 35 منٹ تک روکا

تاثیر 9 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

مظفر پور ( نزہت جہاں)
بہار بند کے دوران مظفر پور ضلع میں اس وقت ہلچل مچ گئی جب مظاہرین نے ملک کی اہم ٹرینوں میں سے ایک وندے بھارت ایکسپریس کو کپر پورہ اسٹیشن کے قریب روک دیا۔ یہ ٹرین گورکھپور سے پاٹلی پترا جا رہی تھی۔ ٹرین کو تقریباً 35 منٹ تک روکنے کے بعد احتجاج پرسکون ہوا اور ٹرین کو روانہ کر دیا گیا۔ یہ واقعہ ترہوت ڈویژن کے کاپر پورہ اسٹیشن کے قریب پیش آیا، جہاں کانگریس پارٹی کے لیڈر کرپا شنکر شاہی کی قیادت میں بند کے حامیوں نے ریلوے ٹریک پر کھڑے ہوکر احتجاج کیا۔ وندے بھارت جیسی تیز رفتار ٹرین کو اس طرح روکنے سے مسافروں میں تناؤ کا ماحول پیدا ہوا اور کئی کو وقت پر اپنی منزل تک پہنچنے میں تاخیر ہوئی۔
احتجاج کرنے والے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر لسٹ پر نظر ثانی کا خصوصی کام عوام کے حقوق پر کاری ضرب ہے۔ کرپا شنکر شاہی نے کہا کہ یہ خصوصی سروے الیکشن کمیشن اور مرکزی حکومت کے ساتھ مل کر کرایا جا رہا ہے، تاکہ غریب اور پسماندہ طبقے کے ووٹروں کو ان کے حق رائے دہی سے محروم رکھا جا سکے۔ آج پوری اپوزیشن اس سازش کے خلاف متحد ہے اور بہار بند کے ذریعے عام لوگوں کی آواز بلند کی جا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پوری ریاست میں بند کامیاب رہا اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے اپوزیشن کے ساتھ عوام سڑکوں پر نکل آئے۔
اس واقعہ کے بارے میں ریلوے کی ڈی ایس پی (ہیڈ کوارٹر) مظفر پور، ندھی کماری نے بتایا کہ ریلوے پولیس پوری طرح الرٹ موڈ پر ہے۔ وندے بھارت ایکسپریس کو کچھ دیر کے لیے روکا گیا لیکن اس کے بعد ٹرین کو بحفاظت روانہ کر دیا گیا۔ مسافروں کی حفاظت کے لیے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر تمام ٹرینیں معمول کے مطابق چلائی جا رہی ہیں اور بند کے دوران ریلوے پوری طرح چوکنا رہا۔
ٹرین کے رکنے سے مسافروں میں کچھ دیر تک افراتفری کی کیفیت پیدا ہوگئی۔ کئی مسافر بروقت منزل پر پہنچنے سے پریشان نظر آئے۔ تاہم ریلوے انتظامیہ کی بروقتی کے باعث جلد ہی صورتحال پر قابو پالیا گیا اور مسافر بحفاظت اپنی منزل کی طرف روانہ ہوگئے۔