تاثیر 18 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 18 جولائی :بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار اور اداکار راکیش روشن کی طبیعت اچانک خراب ہونے کے باعث انہیں ممبئی کے کوکیلا بین دھیرو بھائی امبانی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ انہوں نے 16 جولائی کو سینے میں شدید درد کی شکایت کی جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا۔ معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے انجیو پلاسٹی کا مشورہ دیا جو کامیابی سے کیا گیا۔ فی الحال راکیش روشن کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے تاہم ان کی طبیعت اچانک خراب ہونے کی خبروں نے مداحوں اور فلم انڈسٹری میں تشویش کی فضا پیدا کردی ہے۔
اطلاعات کے مطابق راکیش روشن کی صحت میں تیزی سے بہتری آرہی ہے۔ انہیں کچھ دیر تک آئی سی یو میں زیر نگرانی رکھنے کے بعد اب انہیں جنرل وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ اپنے والد کی صحت کے بارے میں معلومات شیئر کرتے ہوئے ان کی بیٹی سنینا روشن نے کہا کہ والد صاحب اب بالکل ٹھیک ہیں، خون کے کچھ اہم ٹیسٹ کیے گئے جن کی رپورٹس نارمل آگئی ہیں، فکر کی کوئی بات نہیں ہے۔ اس مشکل وقت میں راکیش روشن کا پورا خاندان ان کے ساتھ ہے۔ بیٹا ریتک روشن، بیٹی سنینا اور ریتک کی قریبی دوست صبا آزاد بھی مسلسل ہسپتال میں موجود ہیں اور ان کی دیکھ بھال کر رہی ہیں۔
راکیش روشن کو پہلے کینسر تھا لیکن وہ اس پر کامیابی سے قابو پا کر صحت یاب ہو گئے۔ راکیش روشن اس عمر میں بھی بالکل فٹ اور صحت مند ہیں۔ راکیش کے بیٹے اور اداکار ریتک روشن اس وقت اپنی آنے والی فلم ‘وار 2’ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ تاہم، اس تمام ہلچل کے درمیان، ریتک اپنے والد کی صحت پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ فی الحال راکیش روشن کی حالت مستحکم ہے اور ڈاکٹروں کی نگرانی میں ان کا علاج چل رہا ہے۔ مداحوں نے ان کی جلد صحت یابی کی خواہش کی ہے۔ راکیش کے ٹھیک ہوتے ہی وہ جلد ہی ‘کرش 4’ کی تیاری شروع کر دیں گے۔

