طلباء نے کالج بند ہونے پر وزیر تعلیم رام داس سورین کا گھیراؤ کیا

تاثیر 8 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

مشرقی سنگھ بھوم، 8 جولائی:منگل کو بستو پور میں سمن مائیکل جان آڈیٹوریم کے باہر ہنگامہ کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ جب انٹرمیڈیٹ کے طلباء نے جھارکھنڈ کے وزیر تعلیم رام داس سورین کو گھیر لیا۔ طلباء وزیر تعلیم سے ان کا مستقبل بچانے کی درخواست کر رہے تھے۔ طلباء کا کہنا تھا کہ ان کے کالج پچھلے دو ماہ سے بند ہیں، پڑھائی ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے اور ان کا کیرئیر تباہ ہو رہا ہے۔
اس دوران وزیر تعلیم رام داس سورین نے طلباء کو یقین دلایا کہ وہ اس سمت میں کچھ کریں گے۔ لیکن طلباء وزیر کے جواب سے مطمئن نہیں ہوئے اور بحث کرنے لگے۔ طلباء نے وزیر پر دوہرے معیار کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان کا رویہ اچھا نہیں ہے اور وہ طلباء کے مسائل کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں۔
اس دوران وزیر تعلیم رام داس سورین صحافیوں کے سوالات کو ٹالتے ہوئے پنڈال سے چلے گئے۔ طلباء کا کہنا تھا کہ وزیر صرف یقین دہانیاں کر کے چلے جاتے ہیں لیکن ابھی تک کوئی ٹھوس اقدام نہیں کیا گیا۔