بارش کی شدت پر چندرپور میں ریڈ الرٹ ،تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان

تاثیر 25 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

چندرپور ، 25 جولائی:مہاراشٹر میں کئی دنوں کے وقفے کے بعد بارش نے دوبارہ شدت اختیار کر لی ہے۔ موسلا دھار بارش نے ریاست کے متعدد علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جہاں ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھنے سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو چکاہے۔
اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے، بھارتی محکمہ موسمیات نے 25 جولائی کے لیے چندرپور ضلع میں ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق کئی علاقوں میں انتہائی شدید بارش ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث حفاظتی اقدامات کے طور پر ضلع انتظامیہ نے اہم فیصلہ لیا ہے۔
چندرپور کے تمام آنگن واڑی مراکز، پری پرائمری، پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں، کالجوں اور نجی کوچنگ کلاسوں کو آج بروز 25 جولائی بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے، تاکہ شدید بارش کے دوران طلبہ و اساتذہ کسی قسم کی پریشانی یا حادثے کا شکار نہ ہوں۔