ریکھا گپتا نے میراتھن رنر سردار فوجا سنگھ کی موت پر دکھ کا اظہار کیا

تاثیر 15 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 15 جولائی: دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے منگل کو دنیا کے سب سے معمر میراتھن رنر سردار فوجا سنگھ کی 114 سال کی عمر میں موت پر دکھ کا اظہار کیا۔انھوں نے کہا کہ میری تعزیت ان کے اہل خانہ اور ان کے لاتعداد مداحوں کے ساتھ ہے۔
ریکھا گپتا نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ دنیا کے معمر ترین میراتھن رنر سردار فوجا سنگھ کی موت کی خبر انتہائی تکلیف دہ ہے۔ اپنی غیرمعمولی استقامت، نظم و ضبط اور بے مثال توانائی سے انہوں نے نہ صرف کھیلوں کی دنیا کا سر فخر سے بلند کیا بلکہ فٹنس اور خود اعتمادی کی علامت بن کر نوجوانوں کو بھی متاثر کیا۔
انہوں نے کہا کہ سنچری عبور کرنے والے ایک رنر نے ثابت کیا ہے کہ عزم اہمیت رکھتا ہے عمر نہیں۔ گپتا نے کہا کہ خدا ان کی روح کو اپنے قدموں میں جگہ دے اور سوگوار خاندان اور ان گنت مداحوں کو یہ دکھ برداشت کرنے کی طاقت دے۔
قابل ذکر ہے کہ دنیا کے مشہور میراتھن رنر فوجا سنگھ کی پیر کو پنجاب کے جالندھر ضلع میں ایک سڑک حادثے میں موت ہو گئی۔ ان کی عمر 114 سال تھی اور وہ اپنے آبائی گاؤں بیاس میں سیر کے لیے نکلے تھے کہ نامعلوم گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی۔ سر پر شدید چوٹوں کی وجہ سے انہیں جالندھر کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں شام کو ان کی موت ہوگئی۔ اس افسوسناک واقعے کی جانکاری جالندھر پولیس اور مصنف خشونت سنگھ نے دی ہے جنہوں نے ان کی زندگی پر کتاب ‘دی ٹربنڈ ٹورنیڈو’ لکھی ہے۔