بھارت بند کی حمایت میں بنگال میں ہنگامہ: ڈومجوڑ اور آسنسول میں کشیدگی، کئی اضلاع میں گرفتاریاں

تاثیر 9 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 09 جولائی: مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف 10 مرکزی ٹریڈ یونینوں کی مشترکہ اپیل پر بدھ کو دی گئی بھارت بند کی کال کا اثر مغربی بنگال میں بدھ کی صبح سے ہی نظر آ رہا ہے۔ مغربی بنگال کے مختلف اضلاع سے صبح سے ہی مظاہروں اور پولیس کے ساتھ جھڑپوں کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔
بند کی حمایت میں بائیں بازو کی جماعتوں نے کولکاتا، باگھاجتین، جلپائی گوڑی، کوچ بہار، ہلدیہ اور آسنسول میں ریلیاں نکالیں۔ کئی مقامات پر سڑکوں پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان گرما گرم بحث اور تناو دیکھا گیا۔
ڈومجوڑ میں پولیس اور آر اے ایف نے لاٹھی چارج کیا
ہاوڑہ کے ڈومجوڑ علاقے میں سی پی ایم کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے اور بسوں اور ٹرکوں کو روکنے کی کوشش کی اور مقامی دکانوں کو زبردستی بند کر ادیا۔ ڈومجوڑ بازار میں ریلی کے دوران اس وقت صورتحال کشیدہ ہوگئی جب بس ڈرائیوروں کو زبردستی گاڑیوں سے اتروانے کی کوشش کی گئی۔ پولیس اور ریپڈ ایکشن فورس (آر اے ایف) نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پانے کے لیے لاٹھی چارج کیا، جس کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔