افغان طالبان حکومت کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک بنا روس

تاثیر 4 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ماسکو،04جولائی:روس نے افغانستان کے نئے سفیر کی اسناد کو قبول کر لیا ہے، جس سے وہ طالبان حکومت کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق روسی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا: ’ہم سمجھتے ہیں کہ امارت اسلامیہ افغانستان کی حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کا عمل دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں نتیجہ خیز دوطرفہ تعاون کو فروغ دے گا۔افغان وزارت خارجہ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا کہ ملک کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی اور روسی فیڈریشن کے سفیر دیمتری ڑیرنوف نے کابل میں ملاقات کی۔مزید کہا گیا کہ ’روسی سفیر نے اس ملاقات میں روس کی حکومت کا وہ باضابطہ فیصلہ سرکاری طور پر پہنچایا، جس کے تحت روسی فیڈریشن نے افغانستان کی امارتِ اسلامیہ کو تسلیم کر لیا ہے۔
افغان وزارت خارجہ کے مطابق روسی سفیر نے اس فیصلے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اسے افغانستان اور روس کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ایک تاریخی قدم قرار دیا۔افغان وزیر خارجہ نے روسی فیڈریشن کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا اور اسے دونوں ملکوں کے درمیان مثبت تعلقات، باہمی احترام اور تعمیری تعاون کا نیا مرحلہ قرار دیا۔