تاثیر 18 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جے پور، 18 جولائی: راجستھان کے ڈیڈوانا ضلع میں گچھی پورہ ریلوے اسٹیشن کے قریب جمعہ کی صبح مال گاڑی کے سات ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ اس واقعہ کی وجہ سے ریل ٹریفک متاثر ہوئی ہے۔ مال گاڑی میرٹا روڈ سے پھولیرا جا رہی تھی۔
اس حادثے کے بعد دو ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک دیا گیا۔ اس کے علاوہ سات ٹرینوں کا روٹ تبدیل کیا گیا ہے۔ ریلوے حکام کو فوری طور پر واقعے کی اطلاع دی گئی اور جودھ پور سے ایک ٹیم کو بلایا گیا۔ میرٹا روڈ جنکشن سے انجینئروں کی ایک ٹیم بھی خصوصی ٹرین کے ذریعے موقع پر پہنچی۔ ریلوے حکام حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں اور جلد از جلد ریل ٹریفک کو بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نارتھ ویسٹرن ریلوے کے سینئر پبلک ریلیشن آفیسر کے مطابق نارتھ ویسٹرن ریلوے کے جودھ پور ڈویڑن کے میرٹا روڈ-پھلیرا ریلوے سیکشن کے درمیان گچھی پورہ اسٹیشن پر مال گاڑی کی سات بوگیاں پٹری سے اترنے کی وجہ سے سات ٹرینیں متاثر ہوئی ہیں۔ متاثرہ ٹرینوں کے روٹس تبدیل کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے کی وجہ سے ٹرین نمبر 19720 سورت گڑھ-جے پور ایکسپریس، ٹرین نمبر 14087 دہلی-جیسلمیر ایکسپریس، ٹرین نمبر 12468 جے پور-جیسلمیر ایکسپریس ریل سروس، ٹرین نمبر 18573 وشاکھاپٹنم-بھگت کی کوٹھی ایکسپریس، ٹرین نمبر 12465 اندور۔ جودھ پور ایکسپریس ، ٹرین نمبر 12662 جموں توی۔ باڑمیر ایکسپریس اور ٹرین نمبر 22978 جودھ پور-جے پور ایکسپریس کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔

