تاثیر 11 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سہرسہ(سالک کوثر امام) ضلع کے تحت سمری بختیار پور بلاک کے سیٹن آباد شمالی پنچایت کے مکھیا ضمنی انتخاب کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ +2 ہائی اسکول سمری بختیار پور میں ووٹوں کی گنتی پرامن طریقے سے ہوئی۔ سابق مکھیا مشیر خان کی اہلیہ شمشیدہ خاتون نے 2325 ووٹ حاصل کر اپنے شوہر کی سیٹ کو بچا لیا اور شوہر کے بعد ضمنی انتخاب میں خود میدان میں اتر کر جیت درج کی۔ان کے قریبی حریف محمد متین خان کو 1745 ووٹ ملے۔ اس طرح شمشیدہ خاتون نے 580 ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی۔جیت کے اعلان کے بعد حامیوں میں جوش و خروش کا ماحول ہے۔ شمشیدہ خاتون کے حامیوں نے گلال اور عبیر ایک دوسرے پر پھینک کر خوشی منائی اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ ریٹرننگ آفیسر جئے کشن نے فاتح شمشیدہ خاتون کو سرٹیفکیٹ دیا۔یہ ضمنی انتخاب سابق مکھیا مشیر خان کے انتقال کے بعد کراگیا تھا۔

