تاثیر 15 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نیویارک، 15 جولائی: طوفان نے امریکہ کے نیویارک اور پانچ مضافاتی علاقوں میں بھاری تباہی مچائی ہے۔ سب ویز اور ہائی ویز میں پانی بھر گیاہے۔ انتظامیہ نے شدید بارش کے باعث پانچوں مضافاتی علاقوں میں سیلاب کی وارننگ جاری کی ہے۔ نیو جرسی کے گورنر فلپ ڈی مرفی نے صورتحال کے پیش نظر ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق پیر کی رات نیویارک شہر اور اس کے مضافات میں شدید بارش ہوئی۔ اس کی وجہ سے سب وے سسٹم کے کچھ حصوں میںپانی بھر گیا۔ اہم سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔ اس سے طیاروں کی آمد و روانگی بھی متاثر ہوئی۔ اس سست رفتار طوفان نے بحر اوقیانوس کے ایک بڑے حصے کو اپنی زد میں لے لیا۔ جس کی وجہ سے وسطی ورجینیا سے نیویارک سٹی تک اچانک سیلاب آگیا۔ سیلاب کا پانی میٹرو ٹرین کے ڈبوں میں داخل ہو گیا۔ اس دوران گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں۔ سیلابی پانی نے ایک پٹرول پمپ کے ایندھن پمپوں کو تباہ کر دیا۔
ماہر موسمیات جو ویگمین نے کہا کہ کچھ علاقوں میں سات انچ تک بارش ہوئی۔ طوفان پیر کی رات دیر گئے کمزور پڑ گیا۔ پیر کی رات، نیشنل ویدر سروس نے نیویارک کے پانچوں مضافات کے لیے سیلاب کی وارننگ جاری کی۔ ایمرجنسی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو خبردار کیا کہ وہ اونچی جگہ پر چلے جائیں۔ نیویارک سٹی ڈیپارٹمنٹ آف ایمرجنسی مینجمنٹ کے مطابق کوئنز کے علاقے رچمنڈ ہل میں بجلی کی بندش سے تقریباً ایک ہزار افراد متاثر ہوئے۔

