تاثیر 7 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن،07جولائی:اتوار کو یمنی شہر حدیدہ کے ساحل پر نشانہ بنائے گئے تجارتی بحری جہاز کی حالت بگڑ گئی۔ برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (UKMTO) نے بتایا کہ متاثرہ جہاز کے اندر پانی رسنا شروع ہو گیا ہے۔ اس پیشرفت نے عملے کو جہاز خالی کرنے کی تیاری پر مجبور کر دیا۔ یہ صورت حال بحیرہ احمر میں حملے کی شدت کی نشاندہی کر رہی ہے۔بحری جہاز کو اس سے قبل حدیدہ بندرگاہ کے جنوب مغرب میں تقریباً 51 سمندری میل کے فاصلے پر نشانہ بنایا گیا تھا۔ کئی چھوٹی کشتیوں سے ہلکے ہتھیاروں اور راکٹ پروپیلڈ گرینیڈز سے فائرنگ کی گئی تھی۔ بحری جہاز پر موجود مسلح سکیورٹی ٹیم نے فائرنگ کا جواب دیا تھا تاہم اس کے باوجود رپورٹس سے پتہ چلتا ہے کہ نقصان شدید تھا۔ خاص طور پر برطانوی میری ٹائم سیکیورٹی کمپنی ایمبری نے بتایا کہ دو ڈرون بحری یونٹس جہاز کے بائیں جانب ٹکرائے جس سے اس کے کارگو کو نقصان پہنچا۔

